بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) آج ریاست کے دلت اور پسماندہ طبقات سے وابستہ مٹھوں کے سربراہوں نے وزیراعلیٰ سدرامیا سے ملاقات کرکے ان طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کی گذارش کی۔ وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا کی قیادت میں دلت طبقات کے مختلف مٹھوں کے سربراہوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان مٹھوں کے سربراہوں نے وزیر اعلیٰ کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تنقیدوں کی پرواہ کئے بغیر وہ ریاست کے اہندا طبقات بالخصوص اقلیتوں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے اپنے منصوبوں کو لاگو کرتے رہیں اور ان طبقات سے وابستہ لوگوں کی ہمہ جہت ترقی یقینی بنائیں۔ وفد میں پسماندہ طبقات کے اہم مٹھوں سے وابستہ مختلف سربراہوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے طبقوں کے سلگتے ہوئے مسائل وزیر اعلیٰ کے گوش گذار کروائے اور ان کی یکسوئی کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ اہندا طبقات ملک کی آزادی کے بعد سیاسی طور پر آزاد نہیں ہوپائے ، اور 70 سال بعدبھی یہ پسماندگی کا شکار ہیں۔ ریاست میں سدرامیا حکومت ان طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے امید کی ایک کرن بن پائی ہے۔علاقائی سطح پر ان طبقات کی فلاح کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی دیانتدارانہ کوشش کو ان لوگوں نے سراہا اور کہاکہ ان کوششوں کو آگے بڑھانے میں مٹھوں کے سربراہوں کا بھرپور ساتھ وزیر اعلیٰ کو حاصل رہے گا۔ درج فہرست طبقات کے مسائل کو سلجھانے کیلئے بھی مٹھوں کے سربراہوں نے زور دیتے ہوئے اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم پیش کیا اور اس میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی یکسوئی پر زور دیا۔